سادہ طرز زندگی امراض قلب سے بچاؤ کا واحد طریقہ ،شیخ الجامعہ
کراچی (آن لائن)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ہمیں فاسٹ فوڈ کلچر کو ترک کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارے بچے بھی شروع ہی سے فاسٹ فوڈ کلچر کے عادی ہو جاتے ہیں ۔۔
اور بڑے ہونے سے پہلے ہی دل و دیگر بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ہمیں چاہیے کہ ہم بچپن سے ہی اپنے بچوں کو فاسٹ فوڈ سے دور رہنے کی ترغیب دیں۔سادہ طرز زندگی دل کی بیماریوں سے بچنے کا واحد طریقہ ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے زیر اہتمام عالمی یوم قلب کی مناسبت سے چائنیزٹیچرز میموریل آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پٹیل اسپتال کراچی کے کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر ریحان عمر نے کہا کہ پاکستان میں ہر چوتھا بندہ ہائی بلڈپریشر کا شکار ہے جس کی ایک بڑی وجہ اچھے طرز زندگی سے دوری ہے ۔سادہ طرز زندگی کواپناکر اور فاسٹ فوڈ کے کلچر کوختم ،مرغن غذاؤں کو ترک کرکے ہم دل کے امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر صغیر نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا سب سے بڑاپینڈامک موبائل فون کا ناجائزاور رات دیرتک بے دریغ استعمال ہے اس کی وجہ سے بھی بلڈپریشرسے متاثر ہونے والے افراد میں اضافہ ہورہاہے ۔پہلے چالیس سال سے کم عمر ہارٹ اٹیک کے مریض بہت کم دیکھنے کو ملتے تھے لیکن اب تو20 سے 30 اور30 سے 40 سال کے عمر کے افراد ہارٹ اٹیک کا شکارہورہے ہیں ۔