نو ڈیرو میں جلدی امراض کے اسپتال کا افتتاح

نو ڈیرو میں جلدی امراض کے اسپتال کا افتتاح

لاڑکانہ، نوڈیرو (بیورورپورٹ، نمائندہ دنیا) پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے نوڈیرو میں سرکاری اسکن اسپتال کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر ایم پی اے سہیل انور سیال، چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا، ڈی ایچ او شوکت ابڑو، محمد انور برڑو، ارشد شاہ، و دیگر بھی موجود تھے۔ سرکاری اسکن اسپتال میں ڈاکٹر نعیم سومرو، ڈاکٹر ثنا اﷲ کلہوڑو، ڈاکٹر سمیرا اور دیگر نے نوڈیرو و گردونواح کے 745 مریضوں کا معائنہ کرکے مفت دوائیں فراہم کیں۔ اس موقع پر فریال تالپور نے ڈی ایچ او اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلد کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔ بعد ازاں ایم پی اے فریال تالپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے جس میں دل کے امراض کیلئے این آئی سی وی ڈی، گمبٹ اسپتال، ٹراما سینٹر اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پورے ملک میں صحت کے شعبے میں سب سے آگے ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکن اسپتال اس وقت صبح کی شفٹ میں چل رہا ہے اور بہت جلد شام کی شفٹ بھی شروع کردی جائیگی تاکہ نوڈیرو اور گردونواح کے لوگوں کو ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں