ایکسچینج پروگرام کے تحت 6طلبا اسکالر شپ پر چین پہنچ گئے
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر ڈویژن کے دیہی علاقوں کے 6 طلباء اسکالرشپ پر چین پہنچ گئے ،ایک سالہ ڈپلومہ کورس کے لیے طلبہ گزشتہ روز چین کے صوبے یونان پہنچے ہیں۔
وائس چانسلر بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی خیرپور میرس کے اسرار احمد گاہو، وحید علی بھنبھرو، کامران علی منگریو اور جہانزیب چنا ،روڈ اینڈ برج ٹیکنالوجی (سول)میں ڈپلومہ ایکسچینج پروگرام کے تحت یونان کمیونی کیشن،ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج میں ڈپلوما مکمل کریں گے جبکہ راشد علی لغاری مکینیکل ٹیکنالوجی ،اسی طرح فراز علی لاڑک آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی )میں ڈپلومہ مکمل کریں گے ۔ اسرار گاہو کا تعلق کوٹڈجی کے گوٹھ دریا خان گاہو، وحید بھنبھرو صالح پٹ کے گاؤں الہورایو بھنبھرو، کامران منگریو کوٹڈجی کے علاقے محلہ کوٹ قلعہ، جہا نزیب چنا الطاف کالونی خیرپور، راشد لغاری ڈ ہر کی کے گاؤں داد لغاری اور فراز لاڑک کنگری تعلقہ کے گاؤں بھار لاڑک کے رہائشی طالبعلم ہیں،چین جانے والے راشد علی لغاری کے والد یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں جبکہ کامران منگریو کے والد انتقال کر چکے ہیں، دونوں طلباء غربت کے باوجود سخت محنت کر کے کامیابی کی طرف گامزن ہیں۔ وائس چانسلر بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکلز ڈویلپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر نے کہا ہے کہ فنی تعلیم کے ذریعے ہی سندھ کے نوجوان کامیابی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جرمنی، اٹلی سمیت یورپ، امریکہ، مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ہنر مند افرادی قوت کی بڑی مانگ ہے ۔ وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ ایکسچینج پروگرام میں یونیورسٹی کے 20 سے زائد طلباء کا انتخاب کیا گیا تھا مگر مطلوبہ کوائف مکمل نہ ہونے کے باعث صرف 6 طلبہ چین پہنچے ہیں۔