سائٹ میں کارروائی،کروڑوں کا اسمگل شدہ خشک دودھ برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹر آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کو ملنے والی اطلاع پر انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او)نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کی سربراہی میں فخر الدین ولیکا روڈ سائٹ میں قائم گودام پر چھاپہ مار کر اسمگل شدہ ایرانی 43.75 ٹن اسکمڈ ملک پاوڈر(خشک دودھ)تحویل میں لیکر ضبط کرلیا۔
جس کی مالیت5کروڑ20لاکھ روپے ہے ۔دوسری جانب تھانہ گلبرگ پولیس نے خفیہ اطلاع پر نان کسٹم چھالیہ کے گودام پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے بنگلے سے بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کر لی جبکہ دوران کارروائی 4 ملزمان گرفتار کرلیے ۔ ملزمان کے قبضے سے 810 کلو اسمگل شدہ چھالیہ برآمد ہوئی۔ادھرشاہ لطیف پولیس کا رہائشی مکان میں گٹکے ماوے کے کارخانے پر چھاپہ ،گٹکا ماوا سپلائی و فروخت کرنے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کرلیا۔ پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ معلومات پر ولی محمد گوٹھ پر واقعہ خفیہ مقام سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 280 کلو سے زائد گٹکے میں استعمال ہونے والی تیار چھالیہ، 10 کلو تیار شدہ گٹکا ماوا، 10 کلو چونا اور 15 کلو کتہ برآمد ہوا۔