جرمن سائنسدانوں کے وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جرمنی کے سائنسدانوں پر مشتمل تین رکنی وفد نے یونیورسٹی ہاسپٹل آف ٹیوبنجن جرمنی کے معروف سائنسدان پروفیسرڈاکٹر تھامس اِفنر کی سربراہی میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کا دورہ کیا ۔۔
اور ادارے کے انفرااسٹرکچر اور یہاں کی سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر فرزانہ شاہین نے بین الاقوامی مرکز کے دیگر آفیشل کے ہمراہ جرمنی کے سائنسدانوں کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا۔ جرمنی کے وفد میں پروفیسر تھامس اِفنرکے علاوہ پروفیسرڈاکٹر ڈینیل ساوٹر اور ڈاکٹر سنبلا شیخ بھی شامل تھے ۔ انٹر نیشنل پروگرام کی کوارڈینیٹرپروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم اور ڈاکٹر اقبال قریشی نے اس دورے کو منظم کیا۔ جرمنی کے سائنسدانوں کے دورے کا مقصد آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی کا حصول اور تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا۔ بعد ازاں پروفیسر تھامس اِفنر نے وفد کے ہمراہ پروفیسر فرزانہ شاہین کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پروفیسر فرزانہ شاہین نے ایک پریزینٹیشن کے دوران آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہونے والے سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔