انٹر پری انجینئرنگ کے نتائج ، تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں

انٹر پری  انجینئرنگ  کے  نتائج  ،  تینوں پوزیشنز  طالبات  نے  حاصل  کیں

کراچی (آن لائن)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر امیر حسین قادری نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ پری انجینئرنگ کے امتحانات میں بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ آمنہ احسن بنت سید محمد احسن الحق رول نمبر 423646 نے ٹوٹل 1100میں سے 1001 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول کی نزراہ جمال بنت ملک محمد ناصر جمال رول نمبر 422591 نے 994 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ خاتون پاکستان گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن اسٹیڈیم روڈ کی سیدہ علیزہ ایاز بنت سید ایاز علی رول نمبر 426384 نے 992 نمبرز اے ون گریڈکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 24ہزار 194 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 23 ہزار 671 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 11ہزار 122امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 46.99فیصد رہا۔ان امتحانات میں 679 امیدوار اے ون گریڈ، 1809اے گریڈ، 2835 بی گریڈ، 3314 سی گریڈ، 2323 ڈی گریڈاور 110امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے جبکہ 52امیدوار پاس ہوئے ۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے ۔ چیئرمین پروفیسر امیر حسین قادری نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں