لاڑکانہ:9ماہ میں 421افرادقتل ، 12پولیس اہلکار شہید
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ ڈویژن میں جرئم کی شرح بڑھ گئی ۔ڈی آئی جی لاڑکانہ آفس سے سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق ڈویڑن کے پانچوں اضلاع میں گزشتہ 9 ماہ میں 421 افراد قتل 472 زخمی ہوئے ۔۔۔
جبکہ افسران سمیت 12 پولیس اہلکار شہید اور 42 زخمی ہوئے ، ایک پولیس اہلکار اور متعدد شہری تاحال ڈاکوؤں کے پاس یرغمال، شہریوں سے 39 کروڑ سے زائد کی لوٹ مار کی گئی ۔پولیس کچے میں موجود پکے ڈاکوؤں کے خلاف گزشتہ دو سال سے جاری آپریشن میں تاحال مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرسکی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی لاڑکانہ آفس کی رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ ضلع میں 89، قمبر شہدادکوٹ میں 82، جیکب آباد میں 61، کندھکوٹ کشمور میں 80 اور شکارپور میں سب سے زیادہ 109 افراد قتل ہوئے جبکہ 472 شہری شدید زخمی ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق پولیس افسران سمیت 12 پولیس اہلکار شہید اور 42 شدید زخمی ہوئے ،اسی طرح لاڑکانہ ڈویژن میں 852 مبینہ پولیس مقابلوں میں 52 ملزمان ہلاک اور 174 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ،ڈویژن میں اغوا کے 276 اور اغوا برائے تاوان کے 72 واقعات رپورٹ ہوئے ، 69 افراد کو بازیاب کروایا گیا ، تاہم ضلع شکارپور پولیس کے مغوی پولیس اہلکار محمد اسماعیل شر اور متعدد شہری تاحال ڈاکوؤں کے پاس یرغمال ہیں ، گزشتہ نو ماہ کے دوران شہریوں سے 39 کروڑ سے زائد مالیت کی لوٹ مار کی گئی جبکہ رکوری صرف 5 کروڑ تک رہی ، پولیس نے 7 ہزار 231 اشتہاری اور روپوش ملزمان کو گرفتار کیا ، تاوان کی رقم ادا نہ کرنے والے دو شہریوں کو ڈاکوؤں نے قتل کر کے لاشیں قریبی علاقوں میں پھینک دیں۔