خواتین کیلئے علیحدہ 10کلومیٹر میرا تھن ریس کا اعلان
سکھر(نمائندہ دنیا)کوٹ ڈیجی تا سکھر میرا تھن ریس 2024 کے دوران خواتین کیلئے علیحدہ ریس کا اعلان کر دیاگیا، خواتین کی میراتھن ریس ببرلوء تا پبلک اسکول سکھر 10کلومیٹر پر مشتمل ہو گی ۔
یہ اعلان ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ نے کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کے ہمراہ میراتھن ریس کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی سکھر نے کہا کہ 25 دسمبر کو میراتھن کے دو ایونٹ شیڈول کئے گئے ہیں، جس میں مردوں کے لیے کوٹ ڈیجی سے سکھر تک 42.195 کلومیٹر اور خواتین کے لیے بْبَرلوء سے پبلک اسکول سکھر تک 10 کلومیٹر کا دوسرا ایونٹ شامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی ایونٹ ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کے میڈیکل چیک اپ کے لیے 1122 ایمبولنس، ڈاکٹر، عملہ اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھرگڑی سے گاڑہی پل تک کا راستہ بہت خراب ہے ، جو قومی معیار کے مطابق نہیں ہے ،اس میں بہتری کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے موٹر وے پولیس کے افسران سے کہا کہ ٹھیڑہی سے بْبَرلوء تک 3 گھنٹے کے لیے این 5 کی ایک طرف ٹریفک بند کرنے کا انتظام کیا جائے اور اگر عملے کی کمی ہو تو پولیس کی نفری بھی فراہم کی جائے گی۔