کندھ کوٹ :جے یوآئی کا قیام امن کیلئے ایس ایس پی آفس پر دھرنا
کندھکوٹ(نمائندہ دنیا)کندھ کوٹ میں قیام امن کیلئے جے یوآئی کے تحت پانچ گھنٹے ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنادیاگیا،بعدازاں پولیس نے کچھ روز کی مہلت لیتے ہوئے دھرنا ختم کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈاکو کلچر، بھتہ مافیا کیخلاف جمعیت علماء اسلام کی جانب سے شروع کی گئی تحریک کے دوران ضلع کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد ایس ایس پی آفس کے سامنے مولوی شمس الدین بھیری، مولوی جمال الدین اوگاہی، مولوی خان محمد ملک، مولوی محمد ابراہیم خاکی، حافظ عبدالقادر سیال، حافظ عرفان کھوسو، جے ٹی آئی رہنما مولوی فرحان علی مغل ودیگر کی قیادت میں دھرنادیا گیا ۔اس موقع پر خطاب و میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پولیس نے اپنی رٹ کمزور کردی ہے ،ڈاکو سرے عام ڈکیتیاں اور تاجروں، معززین سے بھتہ وصول کر رہے ہیں ،ڈاکو بے خوف کر شہروں میں کلاشنکوف لیے گھوم رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز صدر پریس کلب پیربخش بھنگوار کے گھر پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی گئی جس کے بعد پولیس کسی بھی ڈاکو اور ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے ۔ ہم اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلع میں ڈاکوؤں کیخلاف فوجی آپریشن کر کے ان کا صفایا کرتے ہوئے امن و امان قائم کیا جائے۔