ہر چوتھا شخص ذہنی بیماریوں کا شکار ہے ،پروفیسر امجد سراج
کراچی (آن لائن)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے شعبہ نفسیات نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے شعبہ سی ایم ای کے تعاون سے عالمی یومِ ذہنی صحت 2024 کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
اس سال کے عالمی یومِ ذہنی صحت کا موضوع \"پیشہ ور افراد میں کام کی جگہ پر ذہنی صحت کی دیکھ بھال\" تھا۔جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے خطاب میں کہا، ’’ہر چار میں سے ایک شخص اپنی زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں ذہنی یا نفسیاتی بیماری کا شکار ہوتا ہے ۔ ہر 40 سیکنڈ میں ایک شخص خودکشی کرتا ہے اور ذہنی بیماریوں کی وجہ سے ملک کو 35فیصد اقتصادی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ یہ خوفناک اعداد و شمار ذہنی صحت کو ترجیح دینے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں، خاص طور پر کام کی جگہوں پر، جہاں افراد اپنا زیادہ تر وقت گزارتے ہیں۔‘‘جے پی ایم سی کے شعبہ نفسیات کے انچارج ڈاکٹر چونی لال نے کہا کہ ایک صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنا ذاتی اور پیشہ ورانہ کامیابی کے لئے ضروری ہے ۔ باقاعدگی سے جسمانی سرگرمیاں کرنا بھی ذہنی دباؤ اور تشویش کو کم کرنے کے لئے اہم ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال خان آفریدی نے کہا کہ کام کی جگہ پر ہراسانی اور بے جا ڈانٹ پھٹکار کا اثر ملازمین کی ذہنی صحت پر منفی طور پر پڑتا ہے اور اس سے تخلیقی صلاحیتوں میں کمی آتی ہے ۔