پولیس کارروائیوں میں اشتہاریوں سمیت 16ملزم گرفتار

پولیس کارروائیوں میں اشتہاریوں سمیت 16ملزم گرفتار

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش اور مطلوب 7ملزموں کو گرفتار کرکے 4چوری شدہ اور چھینی گئی موٹرسائیکلیں، لاکھوں روپے مالیت کی دو بھینسیں، 20 ہزار نقدی اور چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

علی گوہر آباد پولیس نے 2 اشتہاریوں بچل جتوئی اور معشوق کورائی، حیدری پولیس نے مطلوب ملزم عامر جونیجو ، ہٹڑی غلام شاہ پولیس نے اشتہاری اظہار برڑو، بقاپور پولیس نے قتل کے مقدمے میں روپوش 2 ملزموں سکندر جتوئی اور کجلو جتوئی، باقرانی پولیس نے منشیات فروش علی جان چانڈیو کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق مورو پولیس نے ایک کار کی تلاشی کے دوران 875 پیکٹ مضر صحت گٹکا برآمد کرکے دو ملزموں شبیر احمد اور غلام علی، محراب پور اور ابڑاں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں صدوراں سامیٹو کو 1980 پیکٹ اور نذیر ڈیپر کو 100 پیکٹ مضر صحت گٹکے سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ محراب پور پولیس نے ایک اور کارروائی میں مسروقہ چنگچی رکشہ برآمد کر کے مالک کے حوالے کر دیا۔ پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں پولیس نے سماج دشمن اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے سنگین مقدمے میں مطلوب روپوش سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر کے 880 پیکٹ مضر صحت گٹکا اور چوری شدہ رکشہ برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں