سیاہ کاری کے الزام ،باڑے پر حملے میں خاتون سمیت 2افراد قتل

سیاہ کاری کے الزام ،باڑے پر حملے میں خاتون سمیت 2افراد قتل

محراب پور، پڈعیدن، سیہون شریف، کھپرو (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ سیاہ کاری کے الزام اور مویشی کے باڑے پر حملہ کر کے خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔

 پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق کچے کے علاقے پرانا جتوئی میں گڑھے سے عبدالمجید کوریجو کی 17 سالہ بیٹی یاسمین کوریجو کی لاش ملی ۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کردیا ۔ ورثانے الزام لگایا کہ شرف الدین اور اس اہل خانہ نے یاسمین کو قتل کیا ہے ۔ فرید ڈیرو پولیس نے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل میں ملوث 4 ملزموں وحید کوریجو، ندیم ،لطیف کوریجو اور کاشف چانڈیو کو گرفتار کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ کھپرو شہر کے نواحی گاؤں رتو کوٹ کے زمیندار شیر محمد ہنگورجو کی زرعی زمین پر رات 8 سے 10 کے درمیان مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور مال مویشی کی نگرانی کرنے والے ملازموں کو یرغمال بنا لیا اور مزاحمت پر کمدار سومار منگریو کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ مسلح ملزم باڑے میں بندھی بکریاں، گائے اور بھینسیں کھول کر فرار ہو گئے ۔زمیندار شیر محمد ہنگورجو اور شوکت ہنگورجو نے بتایا کہ مری برادری کے مسلح افراد نے حملہ کیا۔ سیہون کے نواحی گاؤں رمضان بڑدی میں 8 اکتوبر کو سیاہ کاری کے الزام میں لڑکی امیرزادی بڑدی کو گولیاں مارکر قتل کرنے والے ملزم قانون کی گرفت میں نہ آسکے ۔ لڑکی کو اس کے ہی رشتہ داروں نے قتل کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں