رجسٹرڈ ماہی گیروں میں مچھی مار جال اور آئس باکس تقسیم

 رجسٹرڈ ماہی گیروں میں مچھی مار جال اور آئس باکس تقسیم

کراچی(این این آئی)وزیر اعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے لائیو اسٹاک اور فشریز سید نجمی عالم نے ہاکس بے کراچی کے سومارگوٹھ میں رجسٹرڈ ماہی گیروں میں 180مچھی مار جال اور 145آئس باکس تقسیم کردیئے ۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی لیاقت آسکانی، ٹاؤن چیئرمین ہمایوں خان، یوسی چیئرمین مبارک سنگھ اور مبارک ویلج کے سرفراز خان اور سومار ولیج کے محمد اسحاق کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر علی محمد مستوئی اور ڈائریکٹر میرین فشریز ڈاکٹر عاصم کریم موجود تھے ۔ صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سال کے بعد ہم نے پارٹی قیادت کے حکم پر ان مذکورہ گوٹھوں کے ماہی گیروں کی دیکھ بھال کی ہے ۔ انشا اللہ ہم بلاول بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سندھ کے ماہی گیروں کو ملنے والی ایسی سہولیات کے ثمرات ماہی گیروں کے خاندانوں تک پہنچائیں گے ۔ سید نجمی عالم نے کہا کہ ہم جلد سندھ کے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دیں گے اور انہیں لیبر سے متعلق تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں