ماجو فیکلٹی کو آئرش جامعات میں تدریس و تحقیق کی پیشکش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو)میں آئرش ہائر ایجوکیشن کے وفد نے آئرلینڈ میں تعلیم وملازمت کے وسیع مواقع سے آگاہی دی۔
اعلیٰ سطح کے اراکین پر مشتمل تعلیمی وفد نے محمد علی جناح یونیورسٹیکے فیکلٹی کو بھی آئرش جامعات میں تدریس اور تحقیق کی دعوت دی۔یونیورسٹی کے وی سی وصدر ڈاکٹرزبیرشیخ نے وفد کو بتایاکہ ماجو سمیت صرف 5تعلیمی اداروں کوآن لائن تعلیم کی اجازت ہے جبکہ ماجو سندھ میں واحد جامعہ ہے جوآن لائن تعلیم دے سکتا ہے ۔اس موقع پر کمرشل اینڈ مارکیٹنگ منیجر انڈیپنڈنٹ کالج آئرلینڈ اوونگ میٹنگ نے بتایاکہ پاکستانی طلبہ وطالبات کے لئے آئرلینڈ میں داخلے اور ویزے آسان ہیں جبکہ جون ،جولائی اور اگست میں ملازمت کے زیادہ موقع ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ آئرش یونیورسٹی میں آن لائن داخلے آسان ہیں ۔وفد نے ماجو کی فیکلٹی اور بعد ازاں طلبہ وطالبات کوبریفنگ کے دوران بتایاکہ آئرلینڈ یورپی یونین کاملک ہے اور وہاں انگریزی زبان بولی وسمجھی جاتی ہے ،ذریعہ تعلیم بھی انگریزی ہے اس لئے پاکستانی طلبہ آسانی سے وہاں کے تعلیمی اداروں میں داخلے لے سکتے ہیں۔کنسلٹنٹ ایجوکیشن آئرلینڈ ڈاکٹر افرا سجاد نے بتایاکہ آئرلینڈ میں ماسٹرزمیں داخلے لئے جاسکتے ہیں۔ جبکہ طلبہ وطالبات دوسال اسٹڈی ویزے پر رہ کر ملازمت تلاش کرسکتے ہیں۔آئرلینڈ میں ملازمت کے 95فیصد مواقع ہیں۔