جھنڈا لگانے پر دومذہبی جماعتوں میں تصادم،6افراد زخمی

جھنڈا لگانے پر دومذہبی جماعتوں میں تصادم،6افراد زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کورنگی میں عوامی کالونی کے علاقے میں دو مذہبی جماعتوں کے درمیان ہونے والے تصادم/فائرنگ اور پتھراو سے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی اللہ والی مسجد کے قریب جھنڈا لگانے پر دو مذہبی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، دو مذہبی جماعتیں آمنے سامنے آگئیں اور ایک دوسرے پر فائرنگ اور پتھراؤشروع کردیا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی کامران خان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حالات پر قابو پانے کیلئے پولیس کی نفری کو تعینات کردیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کامران خان کا کہنا ہے کہ واقعہ ایک مذہبی جماعت کا چوک پرجھنڈا لگانے پرشروع ہوا، دوسری مذہبی جماعت کے کارکن سے تلخ کلامی ہوئی جس پرجھگڑا مزید بڑھ گیا۔تلخ کلامی کے بعد بات فائرنگ اور پتھراوتک جا پہنچی جس سے 6 افراد زخمی ہوئے ،دو مذہبی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم کے بعد فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے کی دکانیں بند کردی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں25سالہ جعفر ولد قاسم ،21سالہ جنید ولد سجاد ،17سالہ سید رضا ولد سید محسن ،24سالہ ساجد ولد سجاد ،26سالہ عادل ولد انور زیب اور22سالہ حماد ولد بشیر خان شامل ہیں، واقع کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں