پولیس کی شارٹ کڈنیپنگ کا ایک اور مشتبہ واقعہ سامنے آگیا

پولیس  کی شارٹ  کڈنیپنگ کا  ایک  اور  مشتبہ  واقعہ  سامنے  آگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل کالونی میں پراپرٹی ڈیلر اور اس کے والد کو پولیس کی نمبر پلیٹ لگی مبینہ گاڑی نے اغوا کر لیا لوٹ مار کر کے سڑک پر گولیاں مار کر پھینک کر چلے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں حبس بے جا اور اغوا کرنے کی ایک انوکھی واردات رونما ہوئی جس میں مسلح ملزمان نے شاہ فیصل کالونی سے باپ بیٹے کو اغوا کیا اور لوٹ مار کے بعد زخمی کرکے سڑک پر پھینک دیا۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہ لطیف تھانے کی حدود رزاق آباد دھنی پرتو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت 27 سالہ مصامیر کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی شخص اور اس کے والد کو شاہ فیصل کالونی پل سے نامعلوم ملزمان نے اغوا کیا تھا۔ دوسری جانب زخمی شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ ملزمان پولیس نمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار تھے ۔ ملزمان نے خود کو سی ٹی ڈی اہل کار ظاہر کیا۔ اغواکار باپ بیٹے سے ان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھتے رہے اور سڑکوں پر گھماتے رہے ۔ اغواکاروں نے زخمی کے والد کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر پھینک دیا جب کہ ملزمان رزاق آباد کے قریب مصامیر کو گاڑی سے اتار کر اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ۔ زخمی مصامیر کا کہنا ہے کہ ملزمان ان سے نقدی و دیگر قیمتی اشیاء چھین کر لے گئے ۔ایس ایچ او شاہ لطیف کا کہنا ہے کہ مبینہ اغوا کاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوئے ۔ زخمی شہری کے بازو اور ٹانگ میں گولیوں لگیں، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے ۔ واضح رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس سے مشابہت رکھنے والی اور اس کے علاوہ پولیس کی نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں میں شہریوں کی شارٹ ٹرم گڈنیپک کے وارداتیں اکثر و بیشتر رونما ہوتی رہتی ہیں لیکن اعلی افسران کی جانب سے ان اس قسم کے سنگین نوعیت کے واقعات سامنے آنے کے باوجود ایکشن نہ لینے کی وجہ سے اس طرح کے واقعات رک نہیں پا رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں