سکھر:اہل پولیس افسران کی تعیناتی کیلئے امتحان،63ناکام
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر رینج کے تھانوں پر اہل افسران کی تعیناتی کے فیصلے کے بعد پولیس افسران کا تحریری امتحان لیاگیا ،جس میں 109 امیدواروں میں سے صرف 46 پاس ہوسکے جب کہ 63 فیل ہوگئے جنہیں دوبارہ 27 اکتوبر کو تحریری امتحان دینا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع پر مشتمل سکھر رینج پولیس کے تمام تھانوں پر اہل اور قابل پولیس افسران کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لیے پولیس افسران سے تحریری امتحان لیا جارہا ہے ۔گز شتہ روز ڈی آئی جی آفس میں رینج بھر کے 109 پولیس افسران کا تحریری امتحان منعقد ہوا جس کی نگرانی سکھر کے ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ، ایس ایس پی خیرپور سمیع اللہ سومرو نے کی،تحریری امتحان دینے والے 109 میں سے صرف 46 امیدوار پاس ہوئے اور 63 فیل قرار پائے ۔ ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ کے مطابق فیل ہونے والے پولیس افسران کو ایک اور موقع دیا جائے گا اور ان سے دوبارہ 27 اکتوبر کو تحریری امتحان لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھانوں پر اہل افسران کی تعیناتی کے حوالے سے پول ترتیب دے دیے گئے ہیں۔