میرپورخاص:شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ معمول بن گئی
میرپورخاص(بیورو رپورٹ)میرپورخاص میں شادی کی تقریبات کے دوران رات گئے ہوائی فائرنگ معمول بن گئی ۔گزشتہ رات مہران اور غریب أباد تھانے کی حدود احسن ٹاؤن اور اقبال نگر ٹورأٓباد میں رقص و سرور کی محفل اور جدید ہتھیاروں سے لیس افراد کی تقریب میں اندھا دھند ہوئی فائرنگ کی ویڈ یو وائرل ہوگئی۔
پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ذرائع کے مطابق میرپورخاص کے علاقے میران تھانے کی حدود احسن ٹاؤن میں شہری احمد علی مغل کی جانب سے بڑے لاؤڈ اسپیکر لگا کر شادی کی تقریب کے دوران رنگ و سرور کی محفل جمائی گئی اور اس دوران جدید اسلحے سے شدید ہوئی فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ویڈیو میں واضح طورپر دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں موجود شرکا ء کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کررہے ہیں ۔ مکینوں کے مطابق شدید فائرنگ اور بڑے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مقامی تھانے پر شکایات کرتے رہے مگر پولیس نے کارروائی سے گریز کیا جب کہ نامعلوم سمت کی گولیاں لگنے سے کسی کی جان بھی جاسکتی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح افراد رقاصہ لڑکیوں کی موجودگی میں گھنٹوں تک فائرنگ کرتے رہے۔فائرنگ سے پریشان شہریوں نے ایس ایس پی شبیر سیٹھیار سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔