تھانے پرچھاپہ،محبوس شخص بازیاب،ایس ایچ او عدالت طلب

 تھانے پرچھاپہ،محبوس شخص بازیاب،ایس ایچ او عدالت طلب

محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) سول جج محراب پور نے تھانے پر چھاپہ مار کر محبوس شخص کو بازیاب کرالیا ۔

سیشن جج نوشہرو فیروز کی عدالت میں درخواست گزار کاشف کمبوہ کی درخواست پر سول جج محراب پور سید نصیر شاہ نے محراب پور تھانے پر چھاپہ مار کر حبس بے جامیں رکھے گئے شخص خورشید مغل کو بازیاب کرکے آزاد کر دیا اور ایس ایچ او کو ریکارڈ سمیت 15 اکتوبرکو عدالت طلب کر لیاگیا ۔ کندھ کوٹ میں شہریوں کی امن کیلئے شروع کی گئی تحریک رنگ لانے لگی ،ڈاکوؤں کے دو سہولت کار وں اجیت کمار اور ونیش کمار کو گرفتار کرکے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ،ملزموں نے سہولت کاری کا اعتراف کر لیا ، پولیس نے ویڈیو جاری کردی۔ گرفتار ملزم خادم حسین عرف خادو بھیو کیلئے کام کرتے تھے اور اپنے چچا سمیت مختلف تاجروں سے 35 لاکھ روپے بھتہ لیکر دینے کابھی انکشاف کیا۔ لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 10 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات، 2 چوری شدہ و چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور 2 بھینسیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔اسی طرح لاڑکانہ پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو امداد ولد عبدالحق کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں