شہریوں کو ہنی ٹریپ کرنے والی کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کار گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے کراچی سمیت دیگر صوبوں کے سادہ لوح شہریوں کو شادی کا جھانسہ دے کر ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ کو سہراب گوٹھ سے گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار ملزمہ تانیہ عرف حنا خان عرف حنا بلوچ کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کار ہے جو معصوم شہریوں کو موبائل فون پر رابطہ کر کے دوستی کے بہانے شادی کا جھانسہ دے کر ہنی ٹریپ کر کے انہیں کچے کے ڈاکوؤں کے سپرد کر دیتی تھی۔پولیس نے گرفتار ملزمہ کے قبضے سے ایک موبائل فون سم بھی برآمد کی ہے جو ہنی ٹریپ میں استعمال کی جارہی تھی اور وہ سم ایک کوریئر کمپنی کے ذریعے ملزمہ کو کشمور سے کراچی بھیجی گئی تھی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش خود کو کچے کے ڈاکوؤں کے سربراہ بڈیل خان شر کی بیوی بتایا ہے جبکہ مزید انکشاف کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کراچی و دیگر صوبوں کے شہریوں کو شادی کے جھانسے میں پھنسا کر اندرون سندھ کشمور ، کندھ کوٹ ، شکارپور اور گھوٹکی میں بلاتی ہے جہاں سے اغوا کار ان شہریوں کو اغوا کر کے کچے کے علاقہ میں لے کر چلے جاتے ہیں اور پھر ان مغویان پر تشدد کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز بنا کر لواحقین سے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔