ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ڈی جی آئی بی کی درخواست مسترد

ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ڈی جی آئی بی کی درخواست مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دورکنی بینچ نے قتل کے مقدمے میں ملزم کی سزا کالعدم قرار دینے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ڈی جی آئی بی کی درخواست مسترد کردی۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت پرمشتمل بینچ کے روبرو 2019 میں قتل کے مقدمہ میں سزا یافتہ آئی بی ملازم بابر علی کی ہائیکورٹ سے بریت کیخلاف محکمہ آئی بی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ڈی جی انٹیلی بیورو عدالت میں پیش ہوئے ۔ آئی بی کے وکیل نے موقف دیا کہ ہمیں اعتراض ہے بابر کو عمر قید کی سزا ہوئی لیکن سندھ ہائیکورٹ نے بری کردیا۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ قتل کے معاملے پرمحکمے نے شوکاز نوٹس جاری کیا۔ 352 دن مسلسل دفتر سے غیر حاضر رہا اور ادارے کے شوکاز نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا۔ وکیل صفائی نے موقف دیا کہ 2020 میں ہائیکورٹ میں قتل ہونیوالے شخص کے اہلخانہ سے صلح نامہ ہوا جو عدالت میں جمع ہوا۔ 2021 میں عدالت نے صلح نامہ کی بنیاد پر بری کردیا۔ عدالت نے ڈی جی آئی بی کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت عظمیٰ نے بابر علی کو محکمے کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب 15 دن میں دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ 3 ماہ میں محکمہ انٹیلی جنس بیورو بابر سے متعلق اپنی انکوائری مکمل کرے ۔ عدالت نے بابر کو محکمے سے مکمل تعاون کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں