دیگرممالک سے تعلقات کیلئے معاشی مضبوطی ناگزیر ،شیخ الجامعہ
کراچی (این این آئی)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ عصر حاضر میں دیگرممالک سے تعلقات اوراپنی بات منوانے کے لئے معاشی طور پر مضبوطی ناگزیر ہے ۔
تاریخ پڑھنے کے ساتھ ساتھ اس سے سیکھنا بھی ضروری ہے ۔انصاف اور برابری کی بنیاد پر قائم معاشرے ہی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہوتے ہیں۔ معاشرے میں اعتدال، مساوات اور عدل و انصاف کو قائم رکھنے کے لئے جن اصولوں، ضابطوں اور قوانین کی ضرورت ہوتی ہے ، انہیں نظر اندازکرنے سے معاشرے تنزلی کا شکارہوجاتے ہیں۔بین الاقوامی سیاسی بحران کے اس نازک موڑ پر شنگھائی سربراہی اجلاس پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے جس کی میزبانی اسلام آباد میں علاقائی اتحادیوں بشمول چین اور روس کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ تاریخ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور انسٹی ٹیوٹ آف سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشین اسٹڈیزکے اشتراک سے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ‘‘بدلتی ہوئی دنیا میں وسطی ایشیاء’’کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی معیار کوبڑھانے کی ضرورت ہے اور یہ ریاست ہی کرسکتی ہے ۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرزکی اعزازی سیکریٹری پروفیسرڈاکٹر تنویر خالد نے کہا کہ چین، روس، ایران، افغانستان، بھارت اور پاکستان سیکورٹی اور اقتصادی مسائل میں اہم کھلاڑی ہیں۔