رشوت اورجعلسازی کے ملزمان کا چالان عدالت میں جمع

رشوت اورجعلسازی کے ملزمان کا چالان عدالت میں جمع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ نے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ایڈمنسٹریٹر الطاف سولنگی اور سہولت کار موسیٰ کے خلاف رشوت اور جعلسازی کے الزام میں درج مقدمے کی سماعت کی۔تفتیشی افسر نے ملزموں کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرادیا۔

 عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے سماعت 12دسمبرتک ملتوی کردی ہے ۔عدالت آئندہ سماعت پر ملزموں پر فرد جرم عائد کرے گی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم الطاف سولنگی اور موسیٰ کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ ملزموں کو کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے دو کمرشل پلاٹوں کی دیواریں بنانے کے لیے 2 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے ۔ تفتیشی افسر شرف الدین قاضی نے بتایا کہ ملزم نے شہری رسول رضا سے کمرشل پلاٹ کی مد میں این او سی کے لیے 3 لاکھ رشوت طلب کی تھی۔ ملزموں کو گلشن اقبال کے علاقے میں ہوٹل سے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں رشوت کی رقم لیتے ہوئے عینی شاہدین کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ملزم الطاف حسین سولنگی پی سی ایس آئی آر اور گلشن غازیان کوآپریٹو سوسائٹی کا ایڈمنسٹریٹر ہے ۔ ملزم الطاف سولنگی کے خلاف پی سی ایس آئی آر گلشن غازیان سوسائٹیز میں جعلی فائلیں بنا کر کروڑوں روپے کا غبن الزام ہے ، جن کی شکایات پر محکمہ اینٹی کرپشن میں کارروائی جاری ہے ۔ملزموں کے خلاف 161 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں