سرجانی میں فیکٹری سے 10ہزار کلو مضر صحت مصالحہ ضبط

سرجانی میں فیکٹری سے 10ہزار کلو مضر صحت مصالحہ ضبط

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی کی ویجلنس ٹیم نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں واقع ایک بڑی مصالحہ ساز فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے 10 ہزار کلو گرام غیر معیاری اور مضر صحت مصالہ برآمد کیا گیا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ معائنے کے دوران 400 سے زائد خراب مصالحی کی بوریاں برآمد ہوئیں، جو حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔فوڈ سیفٹی آفیسر محبوب علی بھٹی کی سربراہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فیکٹری کا معائنہ کیا اور فیکٹری کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران پتا چلا کہ مصالحوں میں کیڑے ، کارن فلور اور چوکر شامل کرکے ملاوٹ کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔ ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ فیکٹری کے پیداواری علاقے میں کاکروچ، بلیاں اور مکڑیوں کے جالے پائے گئے ، جو فیکٹری کی صفائی کی ناقص حالت کو ظاہر کرتے ہیں۔غیر معیاری اور مضر صحت مصنوعات کی فروخت پر فیکٹری پر 4 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا اور تمام غیر محفوظ مصنوعات کو تلف کرنے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رہے گی، تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں