کھلے آئل کی فروخت پر زیرو ٹالرنس، سندھ فوڈاتھارٹی

کھلے آئل کی فروخت پر زیرو ٹالرنس، سندھ فوڈاتھارٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین نے کہا ہے کہ شہر میں کھلے آئل کی فروخت پر زیرو ٹالرنس ہے جسے بیچنے والوں کے لائسنس منسوخ اور جرمانے کر رہے ہیں۔

پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی اینڈ کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے ) اور صوبائی اتھارٹیز کے قوانین میں تصادم ہے جس کی وجہ سے صنعتوں اور ٹریڈرز کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ جلد تمام قوانین یکساں ہوجائیں گے جس سے صنعتکاروں کیلئے آسانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے ) میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان، کمیٹی برائے فوڈ اتھارٹی اینڈ اسٹینڈرڈز کے چیئرمین شیخ کاشف رزاق، رشید جان محمدو دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ اتھارٹی کا سسٹم شفاف بنارہے ہیں اور ون ونڈو آپریشن پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے ذریعے تاجر آن لائن لائسنس حاصل کر سکیں گے ۔ سندھ میں گزشتہ سال اتھارٹی کی جانب سے 600 وزٹس ہوئے تھے جو گزشتہ ماہ بڑھ کر 9500 ماہانہ تک پہنچ گئے ہیں۔ چھاپے مارنے والی ٹیم پر بھی نگرانی کی جاتی ہے اور یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ جرمانے اور جانچ پڑتال اصولوں کے مطابق شفاف ہوں۔ مزمل حسین نے مزید کہا کہ 50 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے کرنے کیلئے اہلکاروں کو ڈی جی کی اجازت لازم قرار دی گئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں