اسکولوں اور ہیلتھ یونٹس کے مسائل کے حل کیلئے رپورٹ طلب

اسکولوں اور ہیلتھ یونٹس کے مسائل کے حل کیلئے رپورٹ طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنرکراچی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کورنگی کے دفتر میں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول تجاوزات و غیر قانونی پارکنگ کی روک تھام اوردیگر شہری مسائل کا جائزہ لیاگیا۔

ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں اسکولوں اور ہیلتھ ہونٹس کی بہتری کی تجاویز متعلقہ محکموں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ۔یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تجاوزات ہٹانے میں غفلت برتنے والے اہلکاروں سے جواب طلبی ہو گی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو تجازات کے خاتمہ کی مہم کو موثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں تما م اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں شہری مسائل کے حل کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی اسسٹنٹ کمشنرز نے اجلاس کو اسکولوں ہیلتھ یونٹس اور ترقیاتی منصوبوں کے دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اسکولوں اور ہیلتھ یونٹس کے مسائل کا جائزہ پیش کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے سب ڈویژن میں قائم اسکولوں اور ہیلتھ یونٹس کے مسائل کے حل کے اقدامات پر جامع رپورٹ تیار کریں گے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں اور صحت سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کی رپورٹس کی روشنی میں تجاویز پر مشتمل رپورٹس محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کو بھیجی جائیں گی۔اجلاس میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم سافٹ تجاوزات کے خاتمہ کی مہم کو موثر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کر نے کے فیصلے کئے گئے ۔فیصلہ کیا گیا جن مقامات سے تجازات ہٹائی جائیں گی وہاں تجاوزات کی روک تھام کی ذمہ داری متعلقہ ادارے کے فیلڈ عملہ پر عائد کی جائے گی ۔فیصلہ کیا گیا تمام ڈپٹی کمشنرز ان مقامات کی نشاندہی کریں گے جہاں بار بار تجاوزات ہٹانے کے باوجود دوبارہ قائم ہر رہی ہیں ان علاقوں کے متعلقہ اہلکاروں یا افسران سے جوابدہی طلب کی جائے گی اور اگر وہ تجازات میں ملوث پایا گیا یا غیر ذمہ داری کی حد تک غفلت کا مرتکب پا یا گیا تو اس کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں