ڈاؤن سینڈروم بیماری نہیں جینیاتی حالت ،وزیراعلیٰ

ڈاؤن سینڈروم بیماری نہیں جینیاتی حالت ،وزیراعلیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم بیماری نہیں بلکہ جینیاتی حالت ہے ۔ اس حوالے غلط فہمیاں دور کرنے اور باصلاحیت افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اور مدد سے یہ افراد آزاد اور مکمل زندگی گزارنے کے قابل بنائے جا سکتے ہیں۔وہ ٹیپو سلطان روڈ پر آڈیٹوریم میں کراچی ڈاؤن سینڈروم پروگرام کی دسویں سالگرہ کے موقع پر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس کا نعرہ تھا ’’مشترکہ کل کی جانب قدم ‘‘ ۔ سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طحٰہ فاروقی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مراد علی شاہ نے ڈاؤن سینڈروم کا شکار افراد کے لیے حکومت سندھ کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سندھ امپاورمنٹ آف پرسنز وتھ ڈس ایبلٹیز ایکٹ 2018 کی منظوری کے بعد رہنما آلات ، ووکیشنل ٹریننگ اور آگاہی مہمات کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔حکومت سندھ نے اس سال 2 ارب روپے شراکتی تنظیموں کے لیے مختص کیے ہیں جبکہ کے ڈی ایس پی کے لیے ڈھائی کروڑ روپے الگ رکھے گئے ہیں۔ حکومت کورنگی میں تمام قسم کے معذور افراد کے لیے ایک شہر بسانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔ 5 ارب روپے کا ابتدائی فنڈ بھی مختص کردیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کے ڈی ایس پی اور دیگر تنظیموں کے غیرمتزلزل ارادوں کی تعریف کی اور ان کے اقدامات کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں