اورنگی میں خاتون اورکمسن بچوں پر حملے کا ملزم گرفتار

اورنگی میں خاتون اورکمسن بچوں پر حملے کا ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن پولیس نے خاتون اور اس کے 2 کمسن بچوں پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اور زخمی خاتون کو پسند کرتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق 23 اکتوبر کو اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے سیکٹر 8میں ملزم نے رمشاء نامی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی اور مزاحمت پر خاتون کو بلیڈ سے زخمی کر دیا تھا جبکہ اس کے 2 بچوں 10 سالہ سبحان اور 3 سالہ علیزہ کو استری اور بیٹری مار کر شدید زخمی کر دیا تھا اور فرار ہوگیا۔خاتون اور زخمی بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 10 سالہ سبحان دوران علاج دم توڑ گیا تھا، پولیس نے زخمی خاتون کے شوہر شاہ رخ کی مدعیت میں ملزم سمیر کے خلاف نامزد مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی تھی۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم سمیر کو گرفتار کر لیا۔ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن ارشد علی کے مطابق گرفتار ملزم متاثرہ خاتون کے شوہر کا کزن ہے جو آئس کا نشہ بھی کرتا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف خواجہ اجمیر نگری اور فیروز آباد پولیس کے تھانوں میں ڈکیتی، منشیات اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات درج ہیں جن میں ملزم گرفتار ہوکر جیل بھی چکا ہے ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ واردات میں استعمال کیا جانے والا آلہ قتل، استری اور بیٹری برآمد کر لی گئی ہے ، گرفتار ملزم سمیر نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں