سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھروگیٹس کی خریداری و تنصیب میں گھپلوں کا انکشاف

سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھروگیٹس کی خریداری و تنصیب میں گھپلوں کا انکشاف

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حالیہ سالوں کے دوران رمضان المبارک، محرم الحرام، عید میلاد النبی سمیت اہم مواقع پر ایمرجنسی کے نام پر ہونیوالے بھاری اخراجات، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت مختلف آئٹمز کی خریداری میں اقرباء پروی برتنے اور کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

 جس کی پردہ داری کیلئے چار اہم سیٹیں ایک ہی آفیسر کو چارج میں دیدی گئیں ذرائع کے مطابق سابقہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے لگ بھگ 10 کروڑ روپے کے اخراجات کی ابتدائی چھان بین میں بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اورواک تھرو گیٹس کی خریداری و تنصیب کے معاملہ پر ایک ہی نجی کمپنی کو غیر قانونی طور پر فائدہ پہنچایاگیا، ٹینڈرز میں شامل دیگر کمپنیوں کو نیشنل ٹیکس نیٹ ورک سے رجسٹرڈ اور ٹیکس گزار ظاہر کیا گیا مگر ان میں سے کوئی بھی کمپنی رجسٹرڈ نہیں اور ان کے این ٹی این اور جی ایس ٹی نمبر جعلی نکلے ،ان فرضی کمپنیوں کی کوٹیشنز بھی از خود شامل کی گئیں، یہی نہیں ایڈوانس ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ بلوں پر مطلوبہ ٹیکسوں کی کٹوتی نہ کر کے الگ سے لاکھوں روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا،تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا گیا کہ سکروٹنی کمیٹیوں نے کس طرح ان جعلی کمپنیوں کے ٹینڈرز وصول کئے ؟اسی طرح ایمرجنسی کے نا م پر فرضی خریداریوں کے ذریعے بھی قومی خزانے کو بے دریغ لوٹا گیا، جس سے انتظامیہ کی مالی معاملات میں کمزور ایڈمنسٹریشن ظاہرہوتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں