ملیر:دن میں بھاری گاڑیوں سے ٹریفک جام معمول

ملیر:دن میں بھاری گاڑیوں سے ٹریفک جام معمول

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ملیر میں شام کے وقت ہی ہیوی ٹریفک اور سامان سے لدی گاڑیوں کی شہر میں داخلے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہونا روز کا معمول بن گیا ۔

منزل پمپ،قائد آباد،کالا بورڈ اور ملیر ہالٹ تک اوور لوڈ گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک جام رہنے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد سے ملیر ہالٹ تک ٹوٹی سڑکوں اور شام کے وقت ہی ہیوی ٹریفک اور لوڈ گاڑیوں کی شہر میں داخلے کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا اور 3کلومیٹر کا راستہ کئی کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔اندرون سندھ سے چاول کے چھلکے والی اور لوڈ گاڑیوں کو بھی ٹریفک پولیس شام کے وقت ہی منزل پمپ سے شہر میں داخلے کی اجازت دے دیتی ہے جس سے سڑک پر بڑی تعداد میں چاول کا چھلکا پھیل جاتا ہے ،شام پانچ بجے سے رات ایک بجے تک منزل پمپ سے لے کر ملیر ہالٹ تک بدترین ٹریفک جام رہتا ہے ۔ہیوی گاڑیوں کی شہر میں رات 11بجے تک داخلے پر پابندی کے باوجود ٹریفک پولیس ملیر کے اہلکار مبینہ طور پر فی گاڑی5ہزار روپے رشوت لے کر ان کو شہر میں داخلہ کی اجازت دے دیتے ہیں ۔ملیر کے مکینوں نے آئی جی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک سے اپیل کی کہ ہیوی گاڑیوں کا داخلہ رات 12 بجے سے پہلے نہ دیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں