کے الیکٹرک کیلئے جنریشن ٹیرف کی منظوری ظلم،منعم ظفر

کے الیکٹرک کیلئے جنریشن ٹیرف کی منظوری ظلم،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپرا کی جانب سے کراچی کے صارفین کے لیے ماہ جولائی 2024کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر 3روپے 3پیسے فی یونٹ اضافے کی اجازت کی شدید مذمت کرتے ہوئے۔۔۔

 بجلی قیمتوں میں اس اضافے اورکے الیکٹرک کو ڈالر کی بنیاد پر 7سالہ جنریشن ٹیرف کی منظوری مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ یہ کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے ،عوام اس ظالمانہ اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے ، اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔ کے الیکٹرک کا جنریشن لائسنس منسوخ اور کراچی کو این ٹی ڈی سی کے ذریعے سستی بجلی فراہم کی جائے ۔ منعم ظفر خان نے کہاکہ حکومت ایک طرف آئی پی پیز کے معاہدوں سے ٹیک اور پے کی شرائط ختم اور 5آئی پی پیز کے پرانے پلانٹس بند کر کے ڈالر کی بنیاد پر منافع ختم کررہی ہے جب کہ دوسری جانب کے الیکٹرک کو آئی پی پیز کی طرز پر ڈالر کی بنیاد پر منافع مینٹی نینس چارجز اور بجلی بنائے بغیر ٹیک اور پے کیپسٹی چارجز کے ساتھ 7سالہ جنریشن ٹیرف کی منظوری دے رہی ہے ۔حکومت، نیپرا اور کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کے خلاف شیطانی اتحاد بنایا ہوا ہے ، نیپرا کے الیکٹرک کے لیے ربڑ اسٹیمپ کا کام کر رہاہے ،کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی کا 200ارب روپے کا نا دہندہ ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کے الیکٹرک کو 174ارب روپے کی سالانہ سبسڈی دے رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں