اسٹیل مل ملازمین کا احتجاج مظاہرہ ،مرد و خواتین کی شرکت

اسٹیل مل ملازمین کا احتجاج مظاہرہ ،مرد و خواتین کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کے مزدوروں نے مطالبات کی منظوری کیلئے ریلی نکال کر پریس کلب ملیر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاج کے بعد پاکستان اسٹیل ایمپلائز گرینڈ الائنس کے کنوینر شمشاد قریشی اور دیگر رہنماؤں عبدالقدوس شیخ، اکبر ناریجو، چودھری یاسین، جعفر علی، دھنی بخش ، اکبر میمن، عبدالحق چنا، شوکت کورائی اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اسٹیل کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے فیصلے پرانے بورڈ کی طرح ملازمین کے خلاف کیے تو ان پر تمام ذمہ داری عائد ہوگی اور ملازمین مجبور ہوکر سڑکوں پر نکلیں گے ۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل مل کے تمام مزدوروں کو بحال کیا جائے اور روس کے تعاون سے مل کو بحال کیا جائے ، مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو نومبر 2021 تک کی تنخواہیں دی جائیں، اسٹیل ٹاؤن میں فوری گیس بحال کی جائے ، تمام کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو بحال کیا جائے ، اسٹیل ٹاؤن میں مقیم تمام سابق ملازمین کو جاری کیے گئے رینٹ واؤچر فوری واپس لیے جائیں، صرف 6 علماء کرام کو بحال کیا گیا ہے دیگر علماء کو بھی بحال کیا جائے اور ان کی تنخواہیں جاری کی جائیں، سابق ملازمین کے بجلی کے نرخ کے الیکٹرک کے مطابق کیے جائیں، گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن میں پانی کی فراہمی معمول پر لائی جائے ، دیگر مطالبات سمیت گلشن حدید فیز 4 کو فوری بحال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں