سپلائی بحال نہ ہوسکی،پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا،عوام مشتعل

سپلائی  بحال  نہ  ہوسکی،پانی کا بحران  شدت  اختیار  کر  گیا،عوام مشتعل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے واٹر کارپوریشن کے تمام تر دعوؤں کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

 ملیر، شاہ فیصل کالونی ،ناتھا خان گوٹھ ، کورنگی ، لیاقت آباد ، سوسائٹی طارق روڈ، لائنز ایریا ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی ، صدر ، رنچھوڑ لائن، برنس روڈ ،پی آئی بی کالونی سمیت شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی پانچ روز سے معطل ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی نہ ہونے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے ، شکایات کے باوجود پانی کی بحالی نہیں کی جارہی ہے ۔ دو روز قبل ترجمان واٹر کارپوریشن نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ والوز کی تبدیلی اور لائنوں کی مرمت کرنے کے بعد پانی کی سپلائی شروع کردی گئی تھی ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تھی جس کومعمول پر آنے میں چوبیس سے 28 گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ ترجمان نے بتا یا کہ دریائے سندھ سے پیپری تک 14 گھنٹے کے وقت لگتا ہے اور شہر میں پانی کو پہنچنے میں 12 سے 14گھنٹے کا وقت لگتا ہے تاہم اب شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر ہے ۔ترجمان نے بتاتا کہ پرانی سبزی منڈی پر لائن اور تین مقامات پر والوز کی تبدیلی میں دو دن کا وقت لگا کیونکہ یہ مرکزی لائن اس کے لیے فراہمی کو بند کرنا پڑا تھا ۔تاہم دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن آئے روز لائنوں کی مرمت کے نام پر پانی کی بندش اعلان کرکے عوام کی پریشانی میں اضافہ کردیتا ہے ۔ مہنگائی اور بجلی کے مہنگے بلوں سے پریشانی کے ساتھ پانی کی عدم فراہمی نے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ،غریب اور متوسط طبقے کے لیے واٹر ٹینکرز سے پانی کا حصول ناممکن ہے ۔شہریوں نے والوومینوں کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر علاقوں میں مبینہ طور پر رشوت لیکر پانی کے اوقات مقرر کیے جاتے ہیں۔پانی کی فراہمی کے لیے اس وقت کا انتخاب کیا جاتا ہے جب لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بجلی نہیں ہوتی۔حکومت سندھ اور میئر کراچی شہر میں پانی کی عدم فراہمی اور بحران کا نوٹس لیں اور پانی کی سپلائی کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں