شارع فیصل بیوٹی فکیشن ایک ہفتے میں مکمل ہوجائیگی،رشید سولنگی
کراچی (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی نے شارع فیصل پر جاری بیوٹی فکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ملیر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ڈائریکٹرز ،ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت تمام متعلقہ افسران بھی موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے عمارتوں کی مکینوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شارع فیصل پر واقع 24 عمارتوں سمیت ارد گرد ماحول کی بیوٹی فکیشن مہم کا آغاز کیا تھا جو کہ ایک ہفتے میں مکمل کردیا جائے گا ،ائیرپورٹ سے ایف ٹی سی بلڈنگ تک بدنما بیرونی ظاہری حالت کی حامل رہائشی و تجارتی عمارتوں،پٹرول پمپس وغیرہ پر رنگ و روغن اور تزئین و آرائش کی جارہی تھیں ۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے کہاکہ صاف ستھری عمارتیں اور صحت مند ماحول شہریوں کے ذہنوں کی مثبت عکاسی کرتی ہیں اور غیر ملکی مہمانوں پر اثرانداز ہونے کا خوشگوار پہلو ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعلی سندھ اور وزیربلدیات سعید غنی نے شارع فیصل پر عمارتوں کی بیرونی حالت کو درست کرنے کی ذمہ داری سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سونپی تھی، انہوں نے کہاکہ بیوٹی فکیشن مہم میں پہلی 20 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی تھی اب ان کے تعداد 20 سے بڑھا کر 24 کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ملیر میں واقع 14 میں سے 9 بلڈنگز کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔