ملزموں کو سزائیں ہوں تو اسٹریٹ کرائم کو کم کیا جا سکتا ہے ، آئی جی

ملزموں  کو  سزائیں  ہوں  تو  اسٹریٹ  کرائم کو کم  کیا  جا  سکتا  ہے  ،  آئی  جی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ اسٹریٹ کرائم کو کم اسی صورت میں کیا جا سکتا ہے جب ملزمان کی شناخت ہو۔۔۔

 گرفتاری اور اس کے بعد سزا ہو۔ ان خیالات اظہار انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی نے کہا کہ غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں ،جتنے ہمارے سیکورٹی یونٹس ہیں ان کی مناسب تربیت ہو۔ جتنے ہمارے یونٹس ہیں ان کی مربوط تعیناتی کی جائے ،جگہ یا شخصیت کی حساسیت کے اعتبار سے سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔ اس سلسلے میں تربیت ٹریننگ اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ہو، کوشش کررہے ہیں غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو بہتر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس رولز میں اصلاحات کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ کمیٹیوں نے اپنا کام مکمل کرلیا ، حتمی ڈرافٹ محکمہ داخلہ کو پیش کردینگے ۔ پولیس اصلاحات سے متعلق آج ہماری آخری میٹنگ تھی جو ملتوی ہوگئی ۔ ایک 2 روز میں ڈرافٹ مکمل کرکے محکمہ داخلہ کو بھیج رہے ہیں۔ڈرافٹ کابینہ میں جائیگا جہاں اس پر بحث ہوگی۔ آئی جی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم بڑا مسئلہ ہے ۔ ہم نے کافی کوشش کی مگر بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے ۔ گزشتہ سال سے اگر اسٹریٹ کرائم کا موازنہ کیا جائے تو یہ کم ہوا ہے ۔ رواں سال جنوری سے بھی موازنہ کریں تو کم ہوا ہے ۔ اسٹریٹ کرائم کو کم اسی صورت میں کیا جا سکتا ہے جب ملزمان کی شناخت ہو، گرفتاری اور اس کے بعد سزا ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں