پولیس،رینجرزپر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹ بنانے کافیصلہ

پولیس،رینجرزپر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹ بنانے کافیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 10 جوائنٹ چیک پوسٹ بنائی جارہی ہیں جہاں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار شامل ہوں گے اور ساتھ ملکر چیکنگ کریں گے ۔

یہ بات آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ضلع کیماڑی موچکو چیک پوسٹ کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موچکو پر جوائنٹ چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہے اور یہاں پولیس کے ساتھ دیگر ادارے مل کر گاڑیوں کی چیکنگ کیا کریں گے ۔ آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں چیک پوسٹیں اہم مقامات پر قائم ہوں گی تاکہ گاڑیوں کی چھینا جھپٹی یا اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد مل سکے اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن فیضان علی نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے موچکو چیک پوسٹ کا جائزہ لیا، یہ چیک پوسٹ بلوچستان اور سندھ کے بارڈر ایریا کی چیک پوسٹ ہے جس کی اہمیت زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا دیگر اداروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کا مقصد یہ ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام میں مدد مل سکے اور اس کے علاوہ اسمگلنگ اور چھینا جھپٹی کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کی دوسرے صوبے منتقلی کی روک تھام کی جاسکے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ نے کہا تھا کہ سندھ پولیس میں مزید 27 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں