شراب کو مشروب مشرق میں ملانے سے اس کی حیثیت نہیں بدلتی،ہائیکورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی چیمبر آف کامرس کی عمارت کی ملکیت اورمتروکہ املاک میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر حکم امتناع میں توسیع کردی ہے ۔
دوران سماعت جسٹس ظفر راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ بہتر ہے کہ معاملے کی مزید سماعت آئینی بینچ کے روبرو کی جائے ۔ کراچی چیمبر کے وکیل خالد جاوید نے موقف اپنایا کہ جس قانون کے تحت چیمبر کی عمارت متروکہ املاک میں شامل کی گئی اس قانون میں اپیل کا حق نہیں تھا۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ہم اس سلسلے میں نئی قانون سازی کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شراب کو مشروب مشرق کی بوتل میں ڈال دینے سے اس کی حیثیت نہیں بدل جاتی۔ ایسی قانون سازی کی جائے جو معاملات کو حل کی طرف لے جائے ۔ عدالت نے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 11 دسمبر کے لیے ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردی۔