میرپور خاص:موٹرسائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی،2جاں بحق
میرپورخاص،(بیورورپورٹ)تیز رفتار موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی میں جا گھسی،حادثے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔۔
اور ایک شدید زخمی ہو گیا، مرنے والے ایک نوجوان کی ایک مہینے قبل ہی شادی ہوئی تھی۔تفصیلات کے مطابق پبلک اسکول روڈ پر صبح سویرے تیز رفتار موٹر سائیکل پر تین نوجوان جارہے تھے کہ سڑک کنارے کھڑی گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والوں میں افضل خاصخیلی،شیراز خاصخیلی شامل تھے ۔متوفی افراد سندھی کلچر ڈے کے حوالے سے میرپورخاص میں ہونے والے پروگراموں میں شرکت کے بعد اپنے گاؤں خادم علی شاہ جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ،حادثے میں زاہد خاصخیلی شدید زخمی بھی ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال پہنچایا جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں ،جب کہ شدید زخمی ہونے والے زاہد خاصخیلی کو نازک حالت میں حیدر أٓباد منتقل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان شیراز خاصخیلی کی گزشتہ ایک ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی ۔ادھر جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں جب گاؤں پہنچیں تو ماحول سوگوار اور ہر أنکھ أشکبار ہوگئی۔