محکمہ ریکوری بجٹ کا سو فیصد ہدف حاصل کرے ،ڈپٹی میئر

محکمہ ریکوری بجٹ کا سو فیصد ہدف حاصل کرے ،ڈپٹی میئر

کراچی(این این آئی)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ ریکوری محکمے بجٹ میں دیا گیا ہدف 100 فیصد حاصل کریں۔

انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو جمع کرنے والے اداروں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی میئر نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ تمام ٹرمینلز سے آمدنی کو بہتر بنانے اور ریکوری کو مزید مربوط انداز سے پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں، کراچی چڑیا گھر اور باغات سے ریکوری کو بہتر کیا جائے تاکہ ریونیو میں اضافہ ہوسکے ،کے ایم سی کا ریونیو بہتر ہوگا تو شہر کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اس حوالے سے دی جانے والی ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس ہدایت کو اولین ترجیح دیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے لیے ریونیو کی دستیابی اہمیت کی حامل ہے لہٰذا اس معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ، شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری ہے کہ ریکوری کے عمل کو بر وقت اور تیز کیا جائے ، اس کے لئے متعلقہ محکمے ریونیو میں اضافے کے لئے موجودہ وسائل کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ نئے ذرائع بھی تجویز کریں۔ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر جنید اللہ خان اور دیگر افسران سے ملاقات کے موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ہدایت کی کہ پارکوں میں داخلہ فیس وصولی کی جائے تاکہ ریونیو میں اضافہ ہوسکے ،کے ایم سی کا ریونیو بہتر ہوگا تو شہر کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں