معاشی استحکام کیلئے شہر ی صنعتی زونز کو ترقی دی جارہی،میئر
کراچی(این این آئی)جمہوریہ چیک کے سفیر لیڈسلو اسکٹن ہوبل نے پیر کومیئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میئر نے جمہوریہ چیک کے سفیر کو بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں کراچی کی تاریخ اور شہرکو بہتر بنانے کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سرمایہ کاری بشمول انرجی، ٹورازم اور ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی پاکستان کا صنعتی اور کاروباری مرکز ہے اور کراچی کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، موجودہ حکومت سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زونز کو ترقی دی جا رہی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کرکے معیشت کو مستحکم کیا جائے ۔ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں غیر ملکی تعاون اور شراکت کو خوش آمدید کہا جائے گا اور اس شراکت داری سے دونوں ملکوں کے عوام کو فوائد حاصل ہوں گے ۔ سفیر نے کہا کہ جمہوریہ چیک کی طرف سے کراچی کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا پیغام لایاہوں اور امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔