وزیراعلیٰ سندھ نے مریض بچوں کو اپنی کرسی پر بٹھا دیا

 وزیراعلیٰ سندھ نے مریض بچوں کو اپنی کرسی پر بٹھا دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )و زیراعلیٰ سندھ نے دل چھولینے والا اقدام کرتے ہوئے کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام کے 22 بچوں کا وزیراعلیٰ ہاؤس میں استقبال کیا۔

 مراد علی شاہ نے ہر بچے کو باری باری اپنی کرسی پر بٹھایا اور کہا کہ اگر آپ وزیراعلیٰ بنیں گے تو ہم آپ کے معاونین بن جائینگے، جس پر بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔ ایک بچی نے کرسی پر بیٹھتے ہی جوش سے کہا کہ ‘‘ میں وزیراعلیٰ بن گئی’’ جبکہ ایک نے وزیراعلیٰ کی ڈیسک سے اپنے والدین کو فون بھی ملادیا۔بچوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کی گیلری کا بھی دورہ کیا۔یہ تجربہ اس وقت یادگار ہوگیا جب بے بی دعا کو ‘‘آج کی وزیراعلیٰ ’’قرار دے کر کانفرنس ہال میں باقاعدہ اجلاس کی صدارت کرائی گئی۔ پرنسپل سیکریٹری آغاز واصف نے بے بی دعا کو سندھ کی آبادی، تعلیم اور گورننس سے متعلق بریفنگ دی۔ بے بی دعا نے اپنی کابینہ کو ہدایت کی کہ ‘‘پاکستان کو صاف رکھا جائے ’’ ۔  مراد علی شاہ نے کہا وزیراعلیٰ مس دعا ہم آپ کی ہدایات پر عمل کرینگے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے عالمی یوم معذورین کے حوالے سے کلفٹن پارک کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر متاثر کن ٹیلنٹ شو اور خصوصی افراد کیلئے نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ  نے طلبہ کو تعلیم، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی میں پروفیسر حشمت لودھی یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں