انسداد پولیو مہم ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم متعارف
سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع انتظامیہ سکھر نے انسداد پولیو مہم کے ڈیٹا کو موثر اور محفوظ کرنے کیلئے تعلقہ سکھر سٹی میں ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم متعارف کرا دیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے انسداد پولیو مہم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ۔۔
کہا کہ اس پروجیکٹ میں بھی سکھر سندھ کا پہلا ضلع بن جائے گا جہاں انسداد پولیو مہم کا تمام ڈیٹا ای سسٹم پر منتقل کیا جائیگا،اس سسٹم میں آسانی سے آف لائن ڈیٹا اسٹور کرنے کی صلاحیت ہے ، جیسے ہی آن لائن ہونگے تمام ڈیٹا ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ ہو جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سکھر میں رفیوزل کیسز زیرو اور کوریج سو فیصد بتائی جاتی ہے ، لیکن ماحولیاتی نمونوں کا مثبت آنا تشویشناک امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں جب تک ایمانداری اور نیک نیتی سے کام نہیں کریں گے ،حقیقت یہ ہے کہ رفیوزل کیسز موجود ہیں لیکن ان کو رپورٹ نہیں کیا جاتا، جو پروگرام کو ناکام بنانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیک فنگر مارکنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں، اگر اس میں کوئی ملوث پایا گیا تو متعلقہ ایریا انچارج اور یوسی ایم او کو ملازمتوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں خرابیاں پیدا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کو مثال بنا کر پروگرام سے باہر نکالا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ کے مسائل رپورٹ ہی نہیں ہورہے جو بہت بڑا چیلنج ہے۔