پولیس وردی میں وارداتیں تھم نہ سکیں ملزمان شہری سے 2 ہزار ڈالر چھین کر فرار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس وردی پہنے ملزمان شہری سے 2 ہزار ڈالر چھین کر فرار ہو گئے ۔شہرقائد میں پولیس وردی پہنے ملزمان وارداتیں کرنے لگے ۔
شارع پاکستان ہاشم شاپنگ سینٹرکے قریب پولیس وردی میں ملبوس2ملزمان شہری سے 2ہزار ڈالرچھین کر فرار ہوگئے ۔ واردات کا مقدمہ گلبرگ تھانے میں درج کرلیا گیا۔گلبرگ تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں ہونے والی اس واردات کامقدمہ متاثرہ شہری تجمل حسین ولد محمد خان کی مدعیت میں 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی گئی ۔متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ شارع پاکستان ہاشم شاپنگ سینٹر کے قریب پولیس وردی میں ملبوس 2 ملزمان نے اسے تلاشی کے بہانے روکا اورتلاشی کے دوران میرے پاس موجود 2 ہزار ڈالر چھین لیے۔ شہری کے مطابق دستگیر میں واقع بینک سے اپنے بھائی رفیق کے اکاؤنٹ سے 2 ہزار امریکی ڈالر نکلوائے اور کرنسی تبدیل کرنے کے لیے شارع پاکستان ہاشم شاپنگ سینٹر کے قریب واقع منی ایکسچینج جا رہا تھا کہ ہرے رنگ کی گاڑی میں سوار پولیس وردی میں ملبوس 2 ملزمان نے 2 ہزار ڈالر چھینے اور گاڑی واٹر پمپ کی جانب دوڑا دی۔انہوں نے بتایا کہ 15فائیوپراطلاع کرنے کے باوجود پولیس آدھے گھنٹے تک نہیں پہنچی ۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے واردات کی تفتیش شروع کردی ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس کی وردی پہنے افراد کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی واردات سامنے آئی تھی۔