چین تاریخ کے ہر موڑ پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑارہا:مریم نواز

گوانگ ژو: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین تاریخ کے ہر موڑ پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز دورہ چین کےد وران چینی شہر گوانگ ژو پہنچ گئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے گوانگ ژو کے وائس گورنر مسٹر زینگ گوزی سے ملاقات کی، گوانگ ژو میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں خصوصی سٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا ، مریم نواز نے پرتپاک میزبانی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے وفد کی بھرپور پذیرائی اور پرتپاک خیر مقدم ہمیشہ یاد رہے گا ، پاکستان اورچین ایک دوسرے سے اخلاص کی ڈوری میں بندھے ہیں، پاکستان اورچین کے عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ چین بصیرت افروز ہے، بہت کچھ جاننے، سمجھنے اور دیکھنے کا موقع ملا، مجھے یقین ہے پنجاب کے عوام دورہ چین کے ثمرات سے پوری طرح مستفید ہوں گے۔

وائس گورنر گوانگ ژو مسٹر زینگ گوزی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد کو خوش بختی سمجھتے ہیں، عوام کی خدمت اورفلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں