عالمی کتب میلے کادوسرا روز، شہریوں کی بھرپور شرکت
کراچی (آن لائن)ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے دوسرے روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کتب میلے میں شرکت کی۔
صبح سے ہی بڑی تعداد میں اسکولوں، کالجوں ،جامعات ، مدارس کے طلبہ سمیت سماجی، ادبی اور سرکاری شخصیات نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن انسٹی ٹیوشن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید، ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا، ڈی ایس پی ایسٹ ہیڈ کواٹرزرین منظور شاہ، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ عالمی کتب میلے میں ترکیہ کی جانب سے لگائے جانے والا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا جہاں ترکیہ کی جانب سے مفت اسلامی کتابیں شہریوں میں تقسیم کی گئیں۔شہریوں نے بھی ترکی کتب میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترکیہ اسٹال کے نمائندہ محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا بردار ملک ہے یہاں کے لوگ انتہائی پْر خلوص ہیں مجھے پاکستان بہت پسند آیا اگلے سال پھر آنے کا ارادہ ہے ۔ یہاں کے نوجوانوں میں کتب کی محبت دیکھ کر خوشی ہوئی کتب میلے میں شہریوں کی دلچسپی انتہائی خوشی کا باعث ہے ۔ رافعہ جاوید کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے ، عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے نعمت سے کم نہیں ہے ۔رضوان عبد السمیع کا کہنا تھاکہ میلے کے آخری روز ہمارے ٹاؤن کے تقریباً تمام اسکولز کتب میلے میں شرکت کریں گے اور ہم اس کے لیے فنڈز بھی مختص کریں گے ۔