پی ٹی آئی ہم خیال کا کے ایم سی بلڈنگ پر احتجاج کا فیصلہ
کراچی (این این آئی)پی ٹی آئی کے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ہم خیال گروپ نے مطالبات پورے نہ ہونے کے خلاف 18دسمبر کو کے ایم سی بلڈنگ پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ فیصلہ ہفتہ کو پی ٹی آئی کے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ہم خیال گروپ کے یوسی چیئرمینز کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت پارلیمانی لیڈر اسد امان نے کی۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے اسد امان نے کہا کہ ہم نے سٹی کونسل کے گزشتہ اجلاس کا احتجاجا بائیکاٹ کیا تھا۔کامیاب بائیکاٹ کے بعد ہم نے اپنے ممبران سے مشاورت کے لیے اجلاس بلایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات میئر کراچی کو آج سے 6 ماہ پہلے دیے تھے ۔ہمارے مطالبات ذاتی نہیں بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے تھے ۔ہمارا اب تک کوئی بھی مطالبہ پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم 18 دسمبر کو دوپہر 2 بجے کے ایم سی بلڈنگ میں پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔تمام منتخب چیئرمینوں سے مشاورت کے بعد احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ہم نے جمہوری طریقے سے بائیکاٹ کیا اور جمہوری طریقے سے ہی احتجاج کریں گے ۔اسد امان نے کہا کہ یوٹیلیٹی بلز کی مد میں کے ایم سی کو ملنے والا فنڈ کہاں جارہا ہے ،کراچی تباہ حال ہوتا جارہا ہے ۔کسی یونین کونسل میں ایک روپے کا کام نہیں کروایا جارہا۔ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم اپنا آخری فیصلہ جلد کریں گے ۔