نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ متعارف کرانے کا اعلان

نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ متعارف کرانے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ حکومت سندھ نے نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس متعارف کرانے اور ایم وی آئز کے نئے نئے ایس او پیز کا اعلان کر دیا۔۔۔

 نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ میں بارکوڈز سمیت جدید حفاظتی اقدامات شامل ہوں گے ، یکم دسمبر 2024 سے اطلاق ہوگا، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اس ضمن میں احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئے اقدامات گاڑیوں کی فٹنس بڑھانے کے لیے ڈیزائن کئے گئے ہیں، نئے اقدامات کا مقصد روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا، ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا، جعلی سرٹیفکیٹس کے اجرا کو روکنا، اور حکومتی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں موٹر وہیکل انسپکٹرز کے لیے تفصیلی ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں، سرٹیفکیٹس کے اجرا میں یکسانیت اور جوابدہی کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نئے سرٹیفکیٹس کے لیے کٹ آف تاریخ سے عوام کو مطلع کرے گا، جس کے بعد تمام پرانے فٹنس سرٹیفکیٹس کو مسترد شدہ قرار دے دیا جائے گا، نیز سندھ بھر کے ایم وی آئی ونگز میں محفوظ تمام پرانا ریکارڈ ضبط کر لیا جائے گا، اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے فٹنس سرٹیفکیٹس کا مرکزی ڈیٹا بیس رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں