پولیو مہم ،مچھر کالونی یو سی 5حساس علاقہ قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں7 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعہ کو کمشنر کراچی پولیس ٹاسک فورس کے کو آرڈینٹر سعود یعقوب ڈسٹرکٹ کیماڑی کا دورہ کیا۔
مچھر کالونی سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے انسداد پولیو مہم جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے کمشنر کو بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسراور ڈسٹرکٹ سپروائزر ویکسی نیشن بھی موجود تھے ۔کمشنر نے اس علاقہ کا بھی دورہ کیا جہاں یو سی 5 کیماڑی ی میں اسی ماہ پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے ۔ بچے کا نام محمد نور اور اس کی عمر تین سال سے ہے ۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ مچھر کالونی یو سی 5 کو حساس علاقہ تصور کیا جاے اور یہاں انسداد پولیو کے لئے ترجیحی کوششیں کی جائیں۔ کمشنر نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ ان کی زندگی کو محفوظ کیا جاسکے ۔شہر سے باہر جانے والے اور شہر کے اندر داخل ہونے والے ہر بچہ کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی یقینی بنایا جائے گا کہ ہر بچہ پولیو کے قطروں سے مستفید ہو۔ اس سلسلہ میں کمشنر کراچی نے جمعرات کو کے پی انٹر سٹی بس ٹرمنل پر دورہ کرکے شہر کے اندر اور باہرآجانے والوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے انتظاما ت کا جائزہ لیا تھا۔ انھوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کریں۔