پورٹ قاسم ریفرنڈم :پیپلز لیبر یونین 584ووٹ لیکر کامیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم اتھارٹی میں مزدوروں کا ریفرنڈم ہوا، دو سال کے لیے (سی بی اے )یونین پر پیپلزپارٹی کی پیپلز لیبر یونین 584 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئی جبکہ متحدہ کی حمایت یافتہ یونین 370 ووٹ لے سکی۔۔
ریفرینڈم جیتنے پر جیالوں نے جشن منایا اور ریلی نکالی ۔ تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی میں 26-2025 کے لیے مزدور یونین کے ریفرنڈم کیلئے مختلف پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے ، ریفرنڈم میں کل رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد ا1056تھی جبکہ 95فیصد محنت کشوں نے حق رائے دہی استعمال کیا جس میں 10 ووٹ مسترد ہوئے ، کامیاب ہونے والی پیپلز لیبر یونین کے صدر لعل شاہ نے پورٹ قاسم کے تمام مزدوروں اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب پورٹ قاسم میں جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ کے مزدوروں کا تحفظ، روزگار اور ان کو اپنے لیبر لا کے مطابق حقوق دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں سی بی اے یونین کے انتخاب میں پیپلز لیبر یونین کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے پورٹ قاسم اتھارٹی سے منسلک محنت کشوں کی فتح قرار دیا ہے ۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز راجہ عبدالرزاق بلوچ، ساجد جوکھیو، پیپلز پارٹی ملیر کے جنرل سیکریٹری امداد جوکھیو ودیگرنے کامیاب یونین رہنماؤں کو مبارکباد دی ۔