جناح ٹرمینل پر فائر فائٹنگ کی پانی کی لائن کی مرمت کر دی گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جناح ٹرمینل پر فائر فائٹنگ کی پانی کی لائن کی مرمت رات میں کر دی گئی۔ترجمان پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے مطابق ایئر پورٹ پر تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
گزشتہ رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پانی کی ایک پائپ لائن پھٹ گئی تھی تاہم پانی جمع ہونے سے ایئر پورٹ کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئی تھیں۔ترجمان نے بتایا کہ خراب لائن کی نشاندہی کر کے ٹرمینل کی مغربی جانب موجود آئسولیشن والو بند کر دیا گیا تھا۔ والو بند کر کے مزید پانی کے بہاؤ کو روک دیا گیا تھا اور عملے نے پانی کو دوسرے حصوں میں پھیلنے سے بھی روک لیا تھا۔ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ اس دوران مسافروں کی نقل وحرکت میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی، ٹیکنیشن موقع پر موجود تھے ، اس لیے جلد پائپ کی مرمت ہوگئی۔ترجمان کے مطابق پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے ارائیول لاؤنج کی چھت بھی ٹپکنے لگی تھی اس لیے ارائیول لاؤنج میں چھت سے ٹپکنے والے پانی کو مسلسل صاف کیا جا رہا تھا۔